مولانا جمال الدین کہ جمال زہاد۔ پیشوائے عباد سالک طریق و ورع و تقویٰ۔ طالب وصلت مولی۔ مولانا جمال الملۃ والدین ہیں جو علوم ربانی میں مشغول اور مشاہدات جمال رحمانی میں اعلیٰ درجہ کے یاروں میں مشہور و معروف تھے۔ آپ کے باطن مبارک کی مشغولی اس حد تک پہنچ گئی تھی کہ سلطان المشائخ کی مجلس مبارک میں آپ اس درجہ مشغول ہوتے کہ اپنے آپ کی خبر نہ رکھتے تھے۔ سلطان المشائخ فرماتے تھے کہ مولانا جمال الدین کے لیے ایک ایسا وقت ہوتا ہے جس میں وہ بجز حق تعالیٰ کے اور کسی کو یاد نہیں رکھتے سلطان المشائخ یارانِ اعلیٰ کی مشغولی کے بارے میں یہ بات مولانا جمال الدین کی بطور نظیر پیش کیا کرتے تھے اور مجلس مقدس میں اسی خطاب کے ساتھ مخاطب ہوتے تھے۔ آپ سلطان المشائخ کے زمانہ حیات ہی میں جوار رحمت حق میں مل گئے تھے۔ رحمۃ اللہ علیہ۔
(سِیَر الاولیاء)