استاد العلماء مخدوم محمد دائود آگرو ہالانی (تحصیل کنڈیارو) کے قریب گوٹھ محمد خان آگرا میں ۱۱۶۰ھ میں تولد ہوئے۔ مخدوم محمد دائود کے والد کا اسم گرامی مخدوم عبداللہ ہے جس کا تذکرہ مورخ سندھ سرمایہ سندھ میر علی شیر قانع ٹھٹوی علیہ الرحمۃ نے سندھ کی تاریخ ’’تحفۃ الکرام ص ۳۴۶‘‘ میں بھی کیا ہے۔
ڈاکٹر قریشی حامد علی خانائی کی تحقیق کے مطابق عارف کامل حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی علیہ الرحمۃ کی مخدوم عبداللہ آگرو سے گہری دوستی تھی۔ مخدوم عبداللہ نے ۱۱۹۵ھ میں انتقال کیا۔
ایک روایت کے مطبق امام العارفین خواجہ سید محمد راشد پیر صاحب روضے دھنی ، گیسوئے دراز یوف ثانی حضرت علامہ سید محمد عاقل شاہ لکیاری ہالانی اور مخدوم محمد دائود آگرو تینوں بزرگوں نے اکٹھے عارف کامل، استاد الاساتذہ مخدوم یار محمد علیہ الرحمۃ کے پاس کوٹری کبیر (ضلع نو شہرو فیروز) میں تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد ولی کامل ، سند الکاملین محدث کبیر حضرت علامہ مخدوم محمد آریجوی کے ہاں گوٹھ خیر محمد آریجہ (ضلع لاڑکانہ) سے فارغ التحصیل ہوئے۔
فارغ التحصیل ہونے کے بعد مخدوم محدم دائود نے ہالانی شہر میں مسجد شریف اور مدرسہ قائم کیا جہاں زندگی بھر درس و تدریس اور تصنیف و تالیف کا سلسلہ جاری رکھا اور مجرد زندگی بسر کی۔
تصانیف:
ولی نعمت حضرت مخدوم دائود آگرو صاحب بلند پایہ کے مدرس تھے ہالانی کے محترم سید غلام نبی شاہ صاحب کے پاس ایک قلمی نسخہ ہے جو کہ مخدوم صاحب کی تصنیف ہے اور وہ کتاب اس دور میں درس نظامی میں نصاب میں پڑھائی جاتی تھی۔ مخدوم صاحب سینکڑوں علماء کے استاد تھے۔ مصنف تھے، خوشخط تھے اور اعلیٰ پایہ کا کتب خانہ رکھتے تھے۔ جناب غلام ربانی آگرو صاحب ایک واقعہ نقل فرماتے ہیں : ایک آدمی سندھی ادبی بورڈ جامشورو کی آفس میں ایک کتاب بیچنے کیلئے لائے وہ قلمی نسخہ مولانا روم کی منثنوی شریف کا تھا اور خوشخطی مخدوم محمد دائود آگرو کی تھی وہ نایاب نسخہ میں نے خرید کر جلد بندی کراکر بورڈ کے کتب خانہ میں محفوظ کر لیا۔
وصال:
حضرت مخدوم علامہ محمد دائود آگرو نے ۶۴ سال کی عمر میں ۱۲۲۴ھ /۱۸۰۹ء میں وصال کیا اور آپ کی مزار پر انوار ہالانی اور کنڈیارو کے درمیان قومی شاہراہ (نیشنل ہائی وے) پر جامع مسجد کے متصل ایک چار دیوارنی میں مرجع خلائق ہے۔ وہ مسجد آگرا قوم کے سخی مرد رئیس محمد خان نے تعمیر کروائی تھی۔
مخدوم صاحب کی وفات کیب عد آپ کا مدرسہ آگرا قوم نے عرصہ دراز تک قائم رکھا ان میں مخدوم عبدالکریم آگرو مخدوم محمد معروف آگرو اور مخدوم صاحبڈنہ آگرو صاحب بہت مشہور ہیں۔
(ماخوذ: سندھ جا بر بحر اور پہاڑ)
(انوارِ علماءِ اہلسنت سندھ )