مولانا مظہر حسین کا 7رجب المرجب 1355/1936کو کمال حویلی محلہ ناگراں بدایوں شریف میں پیداہوئے آپ کاتعلق شیخ انصاری برادری سے ہے۔
آپ کی تعلیم کاآغاز بسم اللہ خوانی سے ہوایہ رسم حاجی امداداللہ بدایونی نے ادا کی بہت محنت ولگن سے قرآن مجید کاناظرہ کرلیا۔ ختم قرآن پاک کے بعداسکول میں درجہ ہشتم تک کی تعلیم پائی۔ آپ کے والد ماجد نے درس نظامیہ کے علوم کی تحصیل کے لئے مدرسہ شمس العلوم گھنٹہ گھر بدایوں میں داخلہ کرادیا۔ مدرسہ ظہیر الاسلام بدایوں شریف، جامعہ اہلسنت بدرالعلوم جسپور ضلع نینی تال، مدرسہ بحرالعلوم بہٹری ضلع بریلی شریف میں اکتساب علم کیا۔ حدیث، تفسیر وغیرہ کی اعلیٰ کتابوں کے درس کے لئے دارالعلوم منظراسلام پہنچے وہاں کے ماہر ین اساتذہ سے اکتساب علوم وفنون کے بعد 1382ھ/ 1963ء میں دستار فراغت سے نوازے گئے۔
چند مشاہیر اساتذہ یہ ہیں ۔ مفسر اعظم ہند مولانا ابراہیم رضاخاں جیلانی بریلوی مولانا مفتی محمد ابراہیم رضوی فریدی سمستی پوری، مولانا احسان علی رضوی محدث منظراسلام، مفتی جہانگیرخان رضوی فتح پوری۔ مولانا عبدالتواب مہاجر مصری، مولانا محبوب بدایونی، مولانا خلیل احمد خاں بجنوری ثم بدایونی ۔
مولانا مظہر حسن فراغت کے بعد درس وتدریس میں مشغول ہوگئے۔ 1387/ 1968ء تک مسجد ایک منارہ کراچی پاکستان میں امامت وخطابت اور تدریس کے فرائض انجام دیئے، مدرسہ نورالاسلام شیر پور کلاں ضلع پیلی بھیت (بھارت ) میں صدر مدرس کے اعلیٰ عہدے پر فائض رہے بعدہ مدرسہ رحمانیہ کھٹیمہ ضلع نینی تال میں 1390ھ تک درس تدریس کے فرائض انجام دیتے رہے۔ اب مدرسہ قاسمیہ برکاتیہ محلّہ ناگراں بدایوں کے مہتمم ہیں۔
22صفر 1372ھ/ 1953ء کو تاج العلماء مولانا سید اولاد رسول محمد میاں برکاتی مارہروی کے دست حق پرست پر بیعت وارادت کا شرف حاصل کیا۔ حضرت مفتی اعظم ہند، حضرت مولانا وجیہہ الدین پیلی بھیتی اور حضور تاج الشریعہ نے اجازت وخلافت سے نوازا ہے۔
مولانا مظہر حسن کا عقد مسنون 28/ شوال المکرم 1378ھ/ 1959کو محلہ سید بازہ بدایوں کے ایک باوقار خاندان میں ہوا آپ کے تین صاحبزادے اور ایک صاحبزادی ہے۔
آپ کی تالیفی وتربیتی کتابیں درج ذیل ہیں۔
(1) اظہار حق (2) پیغام حق (3) فضائل رمضان شریف (4) شرعی فیصلہ (5) حضور مفتی اعظم ہند قرآن وحدیث کی روشنی میں (6) تاثرات وجذبات۔
1383/ 1964 سے آپ نے باضابطہ فتویٰ نویسی کا آغاز کیا آپ کے فتاویٰ کثیر تعداد میں ہیں جو ابھی تشنہ طباعت ہیں۔
آپ کو شعر وسخن سے بھی لگاؤ ہے شاعری کے استاد جناب عابد حسین بدایونی ہیں۔ مولانا مظہر حسن سادگی، تقویٰ و طہارت کے جمیل پیکر ہیں عمدہ اخلاق، پاکیزہ صفات، شریف النفس انسان ہیں آپ نے رضا مشن کی اشاعت کے لئے اپنے آپ کو وقف کردیا ہے اور تبلیغ دین متین کے لئے سر گرم عمل ہیں۔