بقیۃ السلف حجۃ الخلف مولانا فقیر ابو الغنی محمد عالم بن فقیر محمد ابڑو گوٹھ ملا ابڑا اسٹیشن مشوری شریف ضلع لاڑکانہ میں ۱۸۸۹ء کو تولد ہوئے۔
تعلیم و تربیت :
مدرسہ عربیہ دارالفیض سونہ جتوئی ( ضلع لاڑکانہ ) میں داخل ہوئے اور سرتاج الفقہاء حضرت علامہ مفتی ابو الفیض غلام عمر جتوئی قادری قدس سرہ الاقدس سے علوم عقلیہ و نقلیہ میں تکمیل کر کے فارغ التحصیل ہوئے۔
بیعت :
شیخ المشائخ حضرت خواجہ محمد عمر ؒ درگاہ چشمہ شریف ( ضلع کوئٹہ ) سے سلسلہ نقشبندیہ میں دست بیعت ہوئے۔
درس و تدریس:
فارغ التحصیل ہونے کے بعد آبائی گوٹھ ملا ابڑا میں مدرسہ قائم کیا اور تاحیات درس و تدریس سے وابستہ رہے۔ زمانہ طالب علمی میں بھی استاد محترم کے حکم سے فارسی کے طلباء کو فارسی کی تعلیم پر مقرر تھے۔ اس لئے آپ فارسی کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے تھے بلکہ فارسی کی درسی کتب ازبر تھیں ۔
آپ انتہائی سادہ طبیعت ، گوشہ نشین ، فقیر صفت ، نیک صالح شخص تھے، تدریس کے ساتھ کھیتی باڑی کا کام خود کرتے تھے۔
تلامذہ :
آپ کے بہت شاگرد تھے لیکن تفصیل مہیا نہ ہو سکی:
۱۔ فقیہ الاعظم حضرت علامہ مفتی محمد قاسم محدث مشوری قدس سرہ نے آپ سے فارسی کی کتب پڑھیں تھیں ۔
۲۔ ثانی سعدی مولانا محمد بن احمد کھوکھر ساکن سونہ جتوئی سابق مدرس عید گاہ ، محلہ لاہوری ، لاڑکانہ
تصدیق:
بحر العلوم علامہ مخدوم حسن اللہ صدیقی ؒ نے صحابی رسول ، کابت وحی حضرت امیر معاویہ کی شان میں کتاب ’’تحفۃ اولی الالباب فی رد علی طاعن الاصحاب‘‘ (مطبوعہ ۱۳۲۸ھ؍ ۱۹۱۰ء ) تحریر فرمائی جس پر بہت سے علماء و مشائخ کے علاوہ ابڑا کے مولانا ابو الغنی محمد عالم ملوی اور مولانا مفتی ابوالجمال خدا بخش ملوی کی بھی تصدیق ثبت ہے۔
(روشن صبح ( سندھی ) ص ۱۱۰ مطبوعہ السادات اکیڈمی لاڑکانہ )
اس سے یہ ثابت ہوا کہ ۱۹۱۰ء کو اگر چہ آپ نوجوان عالم ہوں گے لیکن نامور تھے تبھی تو دادا استاد کی کتاب پر تصدیق کی اس کے علاوہ یہ بھی ثابت ہوا کہ آپ کی کنیت ’’ابو الغنی ‘‘ تھی جو کہ کتاب میں آپ کے نام کے ساتھ لکھی ہوئی ہے۔
اولاد :
آپ کو ایک بیٹا تولد ہوا جس پر اپنے دادا جان کا نام محمد ہارون رکھا۔ میاں محمد ہارون کو ایک بیٹا مولانا محمد محسن پیدا ہوا۔
وصال :
حضرت مولانا محمد عالم ابڑو نے ۱۹۵۳ء کو انتقال کیا اور حضرت غوث الزمان فقیہ الاعظم حضرت خواجہ محمد قاسم مشوری قدس سرہ نے نماز جنازہ کی امامت فرمائی اور آبائی گٹھ ملا ابڑا میں اپنے مدرسہ کے صحن میںمدفون ہوئے۔ ( بروایت ڈاکٹر حفیظ اللہ ابڑو گوٹھ ملا ابڑو)
(انوارِ علماءِ اہلسنت سندھ)