ساکن فرید پور ضلع بریلی شریف
ولادت
حضرت مولانا محمد رفیع الدین رضوی قصبہ فریدپور ضلع بریلی شریف کے ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے، اور والدین کے سایۂ عاطفت میں نشو ونما پائی۔ (تاریخ ولادت حاصل نہ ہوئی)
تعلیم وتربیت
مولانا رفیع الدین رضوی بریلوی نے ابتدائی تعلیم قرآن پاک، ہندی، اردو اور حساب وغیرہ کی تعلیم اپنے گھر ہی پر حاصل کی۔ مزید اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے بریلی شریف کا قصد کیا اور حضور مفتی اعظم قدس سرہٗ کی خدمت میں رہ کر مظہر اسلام، منظر اسلام سے تکمیل علم کی۔
بیعت وخلافت
مولانا محمد رفیع الدین کو حضور مفتی اعظم سے بیع وارادت کا شرف حاصل ہے اور ۹؍شعبان المعظم ۱۳۹۵ھ کو مفتی اعظم علامہ مولانا مصطفیٰ رضا نوری بریلوی نے سلسلۂ قادریہ برکاتیہ رضویہ میں اجازت وخلافت عطا فرمائی۔
خدمات دینیہ
مولانا محمد رفیع الدین فراغت کے بعد احمد آباد گجرات کی مشہور خانقاہ اشرفی رکھیلا روڈ میں حضور مفتی اعظم قدس سرہٗ کے حکم پر تدریس کا کام انجام دیا۔ آپ وہاں نائب صدر مدرس کی حیثیت سے تین سال تک فرائض انجام دیتے رہے۔ بعدہٗ موضع رستم نگر عرف چمردّا ضلع رام پور کے اہلسنت کی فرمائش پر مدرسہ نور الاسلام کی بنیاد رکھی یہاں پر چھ سال رہ کر نور الاسلام چمروا رام پور کی تعمیری اور تعلیمی ترقی میں مصروف رہے۔
مولانا محمد رفیع الدین ن ے بغرض تبلیغ دین متین بمبئی، گجرات، بہار، بنگال، کشمیر اور پاکستان کا دورہ بھی کیا۔
برکات العلوم کا قیام
مولانا محمد رفیع الدین نے دینی مذہبی جذبے کے تحت دہلی کی زر خیرزمین مصطفیٰ آباد دہلی پر مدرسہ رضوایہ برکات العلوم کا سنگ بنیاد رکھا۔ جس کے ذریعہ سے مسلک اہل سنت کی اشاعت ہورہی ہے۔ دہلی کے کئی مسجدوں میں سنی امام کا بندوبست کیا۔ نیز مسجد محبوب الٰہی مصطفیٰ آباد، مسجد غوثیہ چاند باغ، برکاتی مسجد مصطفیٰ آباد، مسجد رضائے غوث مصطفیٰ آباد اور مسجد غریب نواز برہمپوری دہلی میں آپ کی کارکردگی نمایاں ہیں [1] ۔
[1] ۔ مکتوب مولانا محمد رفیع الدین رضوی بریلوی بنام راقم محررہ مئی۔ ۱۹۹۰ء؍۱۴۱۰ھ ۱۲رضوی غفرلہٗ