میاں محمد صالح اول نے اپنے والد مولانا محمد مبارک کے حکم سے مدرسہ قائم فرمایا ۔ ان کے جانشین ملا محمد مالک ہوئے ۔ اور ان کی پشت سے دریکتا، عالم بے مثال حضرت مولانا محمد صالح دوم مہیسر ۱۳، صفر المظفر ۱۲۴۱ھ کو تولد ہوئے۔
تعلیم و تربیت :
مولانا محمد صالح نے ابتدائی تعلیم اپنے والد ماجد کے پاس حاصل کی ۔ قرآن مجید کا ختم حافظ میاں نبی بخش کے پاس گوٹھ باگوتیونی میں ( جوکہ میہڑ سے دو میل مشرق کی جانب ہے ) کیا۔ لاڑکی سیر پر گئے واپسی میں پرانہ ہالا میں ایک درسگاہ میں علمی رونق دیکھی تو بہت متاثر ہو کر وہیں تعلیم کا آغاز کیا او ر نصاب کی تکمیل کے بعد وہیں سے فارغ التحصیل ہوئے ۔
بیعت :
علوم ظاہری کے بعد مولانا محمد صالح نے درگاہ خنیاری شریف ( ضلع نوابشاہ)کے اس وقت کے سجادہ نشین سے سلسلہ نقشبند یہ میں بیعت ہو کر علوم باطن میں درجہ کمال حاصل کیا ۔
درس و تدریس:
ظاہری و باطنی علوم سے سیرابی کے بعد اپنے گوٹھ رہڑو شریف واپس آئے ۔ تدریس کا سلسلہ شروع کیا۔ آپ کا درس عروج کو پہنچا اور دوردراز علاقوں سے آئے ہوئے طلباء سے مدرسہ و مسجد بھر گئی ۔
حضرت مولانا محمد صالح ثانی جاگیرداروںکا نذرانہ ہر گز نہیں قبول فرماتے تھے ۔ رئیس احمد بخش خان انڑ نے دو سو جریب قطعہ اراضی عطیہ کی لیکن آپ نے قبول نہیں کی اور فر مایا :’’کسی اور غریب مسکین کو دیں ‘‘ مسکین و متوکل ہونے کے باوجود مدرسہ کے سارے اخراجات خود ادا فرماتے تھے ۔ سخا وت و احسان میں بے عدیل تھے آپ کی کرامات بے شمار ہیں ۔
اولاد :
مولانا محمد صالح کو تین بیٹے تو لد ہوئے ان میں سے مولانا غلام عمر مہیسر بڑے عالم و فاضل اور کامل ہو گذرے ہیں ۔ (ماہنامہ نئی زندگی کراچی دسمبر ۱۹۵۷ئ)
تلامذہ:
آپ کے بے شمار تلامذہ تھے لیکن بے قدری کے سبب نہ آپ کی مفصل سوانح کی جانب توجہ دی گئی اور نہ تلامزہ کی فہرست تیار کی گئی۔
سراج الفقہاء حضرت علامہ مفتی ابوالفیض غلام جتوئی قدس سرہ الاقدس آپ کے نامور و محبوب شاگرد تھے ۔ آپ اپنے شاگرد دے ا س قدر متاثر و مطمئن تھے کہ جب آپ کو بیٹا پیدا ہوا تو اس کا نام شاگرد کے نام پر غلام عمر رکھا ۔ علامہ جتوئی آپ کا وہ قابل فخر شاگرد ہے جنہوں نے درس و تدریس کے ذریعے اہل سندھ کو علمائے اہل سنت کی ایک جماعت تیار کر کے دی جو کہ علم ، اخلاق ، اخلاص اور اعلی کردار کی حامل تھی ۔
علامہ ابوالفیض کے نامور شاگردوں میں سندھ واہل سنت کے عظیم محسن ، نامور شیخ طریقت ، بلند پایہ کے مدرس ، لاثانی مفتی عظیم مفسر ، حضرت علامہ مفتی محمد قاسم مشوری قدس سرہ ہیں ۔ جنہوں نے اپنے علمی و روحانی فیض سے ایک عالم کی منور کیا ہوا ہے ، ہزاروں انسانوں کو راہ راست پر لگایا ، گمراہوں کو ہدایت سے سر فراز کیا ، بے دینوں کے دیندار و متقی بنایا اور بے شمار تلامذہ کو پیدا کیا۔
وصال :
استاد العلماء حضرت مولانا محمد صالح ثانی مہیسر نے ۱۹، صفر ۱۳۱۸ھ؍۱۹۰۰ء کو انتقال کیا ۔ آپ کی مزار پر انوار رہڑو شریف (تحصیل میہڑ) میں زیارت گا ہ عام خاص ہے ۔
(انوارِ علماءِ اہلسنت سندھ)