مولوی غلام حسین[1]بن مولوی حسین علی بن شیخ علامہ عبد الباسط قنوجی: فقیہ فاضل،محدث کامل،مفسرِ اکمل،جامع علوم و فنون تھے۔۱۲۲۱ھ میں پیدا ہوئے۔آپ کا تاریخی نام غلام علیم ہے،علوم نقلیہ و عقلیہ شیخ عالم محمد سعادت کان فرخ آبادی مشہور متوکل سےپڑھے اور ۱۲۳۶ھ میں علمِ حدیث و تفسیر کو علامہ محمد ولی اللہ مفتی فرخ آبادی سے اخذ کیا اور براہ بڑدودہ حرمین شریفین کو تشریف لے گئے اور ۱۲۵۵ھ میں حج کر کے شیخ عبد اللہ سراج اور شیخ شمس الدین شطا اور سید عمر آفندی وغیرہ کی صحبت کی پھر مدینہ منورہ کو تشریف لے گئے اور وہاں شیخ محمد عابد سندھی سے صحاح ستہ اور سننِ مشہورہ کی سند حاصل کی اور حضرت عثمان کے قرآن کی زیارت کی اور کتب تصوف میں مشغول ہوئے،جب واپس آئے تو بڑدودہ میں سکونت اختیار کی اور اخیر عمر میں پھر حرمین شریفین کو نہضت فرماہوئے اور حج کر کے بمبئی میں واپس آئے تو وہاں بیمار ہوکر حدود ۱۲۸۰ھ میں وفات پائی۔آپ نےاپنے دادا کی کتاب منازل الاثناعشر کا حاشیہ تصنیف کیا جس کی تکمیل میں آپ نے بڑی محنت برداشت کی۔
1۔مولوی غلام حسنین۔(نزہۃ الخواطر وتذکرہ علمائے ہند)
(حدائق الحنفیہ)