محمد بن ابراہیم بن حسین نکساری رومی: محی الدین لقب تھا،علوم شرعیہ و فنون عقلیہ کے عالم فاضل اور قرآن شریف کے بجمیع روایات حافظ تھے۔علم حسام الدین تو قاتی اور یوسف بن شمس الدین محمد بن حمزہ فناری اور محمد بن ادمغان وغیرہم سے پڑھا اور شہر قسطمونی میں مدرسہ اسمٰعیلیہ کے مدرس مقرر ہوئے۔ تفسیر سورہ دخان کی تالیف کر کے سلطان بایزد خاں کے پاس بطور ہدیہ کے بھیجی اور صاحب شقائق نے اس تفسیر کی نسبت کہا ہے کہ یہ اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ مصنف اس کا علم تفسیر میں آیت کبریٰ ہے،علاوہ اس کے شرح وقایہ اور تفسیر بیضاوی پر حواشی لکھ کر قسطنطیہ میں ۹۰۱ھ میں وفات پائی۔’’عالمِ مشہور دہر‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)