محمد بن یوسف بن حسین[1]بن عبداللہ حلبی المعروف بہ ابن الابیض الشہیر بہ قاضی عسکر: حلب میں ۵۶۶ھ [2]میں پیدا ہوئے۔علم اپنے والد ماجد بدر ابیض تلمیذ علاءالدین محمد سمر قندی صاحب تحفۃ الفقہاء شاگرد ابی الیسر محمد بزدوی سے اخذ کیا اور رتبۂ کمالیت و فضیلت کو پہنچے اور دمشق و مصر میں تشریف لائے۔آپ نے ہی فقہائے سبعہ مدینہ کو جو تا بعین ہیں،مندرجہ ذیل اشعار میں جمع کیا ؎
الاکل من لا یقتدی بائمۃ فقسمۃ ضیزیٰ عن الحق خارجہ
فخذ ہم عبید اللہ عروۃ قاسم سعید ابو بکر سلیماں خارجہ
یعنی عبید اللہ بن عتبہ بن مسعود و عروہ بن زبیر و قاسم بن محمد بن ابی بکر الصدیق و سعید بن المسیب و ابو بکر بن عبدالرحمٰن بن حارث بن ہشام و سلیمان بن یسار و خارجہ بن زیدبن ثابت۔وفات آپ کی ۶۱۷ھ میں ہوئی۔’’مقتدائے جہان‘‘ تاریخ وفات ہے۔
1۔ محمد بن یوسف بن خضر
[2] ۵۶۰ ’’جواہر المضیۃ‘‘(مرتب)
(حدائق الحنفیہ)