قاسم بن معن بن عبد الرحمٰن مسعود الصحابی الہذ لی کوفی ۔ کنیت آپ کی ابو عبد للہ تھی ۔ آپ حدیث میں ثقہ فاضل اور فقہ و عربیت و لغت و شعر میں امام کامل اور سخا و مروت وزبد میں بے نظیر تھے اور امام ابو حنفیہ کے ان اصحاب میں سے تھے جن کے حق میں امام موصوف انتم مسار قلبی و جلاء حزنی کے کلمات فرمایا کرتے تھے ۔ابو حاتم کہتے ہیں کہ آپ ثقہ صدوق اور مکثر الروایت تھے ۔حدیث کو اعمش وعاصم بن احول و عبد الملک بن عمیر و منصور بن معتمر و طلحٰہ بن یحٰی و داؤد بن بی ہندو محمد بن عمر وبن علقمہ وہشام بن عروہ اور یحٰی بن سعید وغیرہم سے روایت کیا اور آپ سے ابی ہندو محمد بن عمرو بن نصر جہضمی کبیر و عبد اللہ بن ولید عدنی و ابو غسان نہندی وابو نعیم بن وکین اور اصحاب سنن نے روایت کی اور لیث بن مظفر نے نحو لغت آپ سے پڑھی ،بعد شریک بن عبد اللہ کے آپ کوفہ کے قاضی بنے اور بسبب تقوے کے بغیر تنخواہ کے قضا کا کام انجام دیتے رہے ۔لغت میں کتاب نواد اور غریم المصنف التصنیف کیں اور نیز نحو میں کئی ایک کتابیں لکھیں۔ اور ۱۷۵ھ میں وفات پائی۔’’کان عدل‘‘ آپ کی تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)