قاضی حیدر المخاطب بہ قاضی خان: کاشمیر کے علمائے متجر اور فقہائے نامدار میں سے تھے،علم مولانا عبد الرشید زر گر سے حاصل کیا جب جملہ علوم و مختلف فنون میں کمالیت کو پہنچ گئے تو بسبب تنگی معاش کے وطن کو چھوڑ کر عالمگیر کے لشکر میں آئے اور سیادت خاں صدر الصدور سے آشنائی پیدا کر کے بادشاہ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور بادشاہ کی شفقت سے شہزادوں کی تعلیم پر مامور ہوئے،بعد چندے دہلی کے قاضی ہوگئے اور اپنے کمال عدل وانصاف سے بادشاہ کو یہاں تک راضی کرلیا کہ قاضی القضاۃ کے لقب سے ملقب ہوئے۔وفات آپ کی اسہال کے مرض سے ۱۱۲۱ھ میں ملک دکن میں ہوئی اور نعش آپ کی وہاں سے اٹھاکر کاشمیر میں لے گئے اور شہر کے باہر باغ بچہ پورہ میں دفن کی گئی۔’’فاضل دور‘‘ آپ کی تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)