قیلہ انماریہ،بقول ابن ابی خیثمہ،یہ خاتون انصاریہ تھیں اور بنو انمار کی ہمشیرہ تھیں،اور ایک روایت میں ام بنی انمار آیا ہے،حضورِ اکرم کی زیارت نصیب ہوئی،اور
عبداللہ بن عثمان بن خیثم نے ان سے روایت کی،ان کا بیان ہے کہ انہوں نے رسولِ اکرم کو مروہ کے پاس دیکھا،جہاں آپ عمرہ کے لئے تشریف لائے تھے،میں حضوراکرم کی
خدمت میں بیٹھ گئی،اور گزارش کی ،یارسول اللہ میں کاروباری عورت ہوں،خریدو فروخت میرا کام ہے،اکثر ایسا ہوتا ہے کہ میں کوئی چیز بیچنا چاہتی ہوں تو اس کی قیمت
اس رقم سے زیادہ بتاتی ہوں،جس پر کہ میں اسے بیچنا چاہتی ہوں،اسی طرح جب میں کوئی چیز خریدنا چاہتی ہوں،تو اس کی قیمت اس رقم سے کم بتاتی ہوں،جس پر کہ میں اسے
خریدنا چاہتی ہوں،آپ نے فرمایا،اے قیلہ! تم اس طرح نہ کیا کرو،بلکہ قیمت وہی بتایا کرو،جس قیمت پر تم چیز کو بیچنا یا خریدنا چاہتی ہو،تینوں نے اس کا ذکر کیا
ہے۔