محمد بن عبدالعزیز بن محمد حسام الدین صدر شہید عمر بن عبدالعزیز بن عمر بن مازہ بخاری المعروف بہ صدر جہاں: امام فاضل،فقیہ متجر،جامع علوم،فارس میدان بحث،عدیم النظیر تھے۔علم خلاف میں تعلیق لکھی اور ۶۰۳ھ میں مع ایک جماعت فقہائے بخارا کے حج کے ارادہ سے بغداد میں تشریف لائے جہاں کے وزراء وامراء واعیان نے بڑی تعظیم و تکریم سے آپ کا استقبال کیا مگر جب حج کر کے بغداد سے اپنے وطن کو واپس ہوئے تو لوگ آپ کے پیچھے آپ کو بُرا بھلا کہتے ہوئے شہر سے نکلے کیونکہ آپ سے راستہ میں حاجیوں کے ساتھ بڑی بد سلوکی ظہور میں آئی تھی یہاں تک کہ آپ کے غلام حاجیوں کو راستہ میں پانی سے منع کرتے تھے جس سے ان کو پانی کی طرف سے نہایت تنگی ہوئی،اس لیے حاجیوں نے بجائے صدر جہاں کے آپ کا صدر جہنم لقب رکھا۔
حدائق الحنفیہ