صمیتہ اللیثہ از بنو لبث بن بکر بن عبد مناہ بن کنانہ،یحییٰ نے اجازۃً باسنادہ تا ابنِ ابی عاصم ،حسن بن علی سے،انہوں نے عبداللہ بن صالح سے ،انہوں نے لیث
سے،انہوں نے عقیل سے،انہوں نے زہری سے،انہوں نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ سے،انہوں نے صمیتہ سے(اور حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں ایک یتیم لڑکی
تھی)روایت کی کہ انہوں نے رسولِ کریم کو فرماتے سُنا کہ جو آدمی مدینے میں مرنا چاہے،اگر ہوسکے تو اسے اس موقعہ سے فائدہ اٹھانا چاہیئے،کیونکہ میں اس کا شفیع
اور گواہ ہوں گا۔
صالح بن ابوالاخضر نے زہر ی سے روایت کی اور کہا،کہ اس وقت حضرت عائشہ کی گود میں ایک یتیم لڑکی تھی،اور یونس نے زہر ی سے ،انہوں نے عبیداللہ سے،انہوں نے صفیہ
دختر ابو عبیدسے انہوں نے صمیتہ سے روایت کی،نیز ابن ابو ذنب نے زہری سے ،انہوں نے عبیداللہ سے،انہوں نے صفیہ دختر ابو عبید سے،انہوں نے رسولِ کریم صلی اللہ
علیہ وآلہٖ وسلّم سے روایت کی،تینوں نے ان کا ذکر کیا ہے۔