سید ابراہیم: آپ کے والد ماجد سادات عجم اور اولیاء اللہ میں سے تھے جو اپنا وطن چھوڑ کر شہر اماسیہ علاقۂ روم میں سکونت پذیر ہوئے اور اسی جگہ سید ابراہیم پیدا ہوئے۔جب آپ نے ہوش سنبھالاتو پہلے سنان الدین پھر حسن بن عبد الصمد سامسونی سے علم تحصیل کیا اور مدارس مزریفون اور حصا رو قسطنطنیہ میں مدرس مقرر ہوئے پھر سلطان با یزید خان نے آپ کو مدرسہ اماسیہ کا مدرس بنایا اور وہاں کا مفتی قرار دیا۔آپ بڑے پرہیز گار اور دیانتدار تھے،کبھی کسی نے آپ کو کروٹ پر سویا ہوا نہیں دیکھا۔جب آپ کو نیند غلبہ کرتی تو آپ گھٹنوں پر سر رکھ کر سوجایا کرتے تھے اور آپ کا خط بہت نمکین تھا اس لیے آپنے اپنے ہاتھ سے بہت سی کتابیں لکھیں اور نوے برس سے کچھ اوپر ہوکر ۵۳۵ھ میں انتقال کیا۔
(حدائق الحنفیہ)