سید جان محمد سید معین الدین بلگرامی: عالم فاضل،حاوئ فروع واصول، جامع منقول و معقول تھے۔۱۰۸۳ھ میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد عالمگیر کے عہد میں ملتان میں صاحب دار العدالت تھے۔آپ نے ساتھ قراءت کے ساتھ قرآن کو حفظ کیا اور علوم و فنون کو اپنے چچا علامہ سید عبد الجلیل واسطی سے حاصل کیا،عربی کے خوشنویس بھی اعلیٰ درجہ کے تھے اور نہایت فصاحت کے ساتھ فارسی میں گفتگو کیا کرتے تھے،پھر حج کے شوق میں نکلے اور بغداد اور نجف اور کربلا اور طوس کو دیکھتے اور بزرگوں کی زیارت کرتے ہوئے مکہ معظمہ میں پہنچے اور حج کر کے مدینہ منورہ کو تشریف لے گئے اور وہاں اقامت اختیار کی۔آپ مسجد نبوی میں بیٹھ کر تصیح قرآن شریف میں مشغول رہتے تھے یہاں تک کہ ۱۱۴۹ھ میں وفات پائی اور بقیع میں دفن کیے گئے۔’’عالم قرآن خوان‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)