سید قطب الدین شمس آبادی: قطب العلماء اور مدار الفضلاء تھے۔ اصل میں آپ سادات امیٹھی سے تھے جو پورب میں واقع ہے جہاں سے آپ شمس آباد متعلقہ قنوج میں آکر سکونت پذیر ہوئے۔علوم ملا قطب الدین وغیرہ اساتذہ عصر سے حاصل کیے اور اخیر عمر تک تدریس میں مشغول رہے۔آپ سے خلق کثیر نے تلمذ کیا۔آپ باوجود یکہ ایسے تنگدست تھے کہ گھر میں آگ تک روشن کرنے کی دستگاہ نہ رکھتے تھے مگر بڑے قانع تھے اور اپنی حاجات کو کسی پر ظاہر نہ کرتے تھے اور بڑی کشادہ پیشانی و کشادہ زبان و حالت سے تدریس میں مشغول رہتے تھے۔ ستر سال کی عمر میں ۱۱۲۱ھ میں فوت ہوئے۔’’عفت شعار‘‘ تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)