شہید غزوہ احد حضرت سیدنا عبد اللہ بن عمرو بن وھب الانصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ
ابن عمروبن وہب بن ثعلبہ بن وقش بن ثعلبہ بن طریف بن خزرج بن ساعدہ۔انصاری خزرجی ثم الساعدی۔ابن شہاب اورابن اسحاق نے ان لوگوں کے نام میں جواحد کے دن قبیلہ بنی ساعدہ سے شہید ہوئے عبداللہ بن عمرو کانام بھی لکھاہے اور ابن اسحاق نے ظریف تک ان کا نسب بھی بیان کیا ہے ان کا تذکرہ تینوں نے لکھا ہےاور ابوعمر نے کہاہے کہ طریف کی جس قدر اولادہےوہ سعد بن معاذ کے گروہ میں شامل ہے۔میں کہتاہوں کہ اس کو ابن مندہ نے یونس بن بکیر سے انھوں نے ابن اسحق سے نقل کیا ہے کہ یہ عبداللہ سعد بن معاذ کے گروہ سے تھے جوروایت ہم نے بواسطہ یونس کے ابن اسحق سےنقل کی ہے۔اس میں بھی اسی طرح ہے۔مگریہ غلط ہے صحیح یہ ہے کہ سعد بن عبادہ کے گروہ سے ہیں اس وجہ سے کہ سعد بن معاذ توقبیلہ اوس سے ہیں اور بنی طریف قبیلہ ساعدہ سے ہیں جو خزرج کی شاخ ہے اور بنی ساعدہ شاخ ہے قبیلہ سعد بن عبادہ کی۔میں نے یہ عبارت ابن مندہ اورابوعمرکے کئی صحیح نسخوں میں دیکھی ہے پس یہ کاتب کی غلطی نہیں ہے۔واللہ اعلم۔
تعجب ہے یونس سےکہ وہ باوجودیکہ ان کو خزرج سے کہتے ہیں پھربنی ساعدہ میں بھی داخل کرتے ہیں اورکہتے ہیں کہ بنی طریف سے عبداللہ بن وہب بن عمروہیں جوسعد بن معاذ کے گروہ سے ہیں۔پس یہ دو حالیکہ اوس سے ہیں سعد بن معاذ کے گروہ سے جوقبیلہ خزرج کی شاخ ہے کیونکرہوسکتے ہیں۔ یونس نے اس روایت میں عبدالملک بن ہشام اورسلمہ اور ابراہیم بن سعد کی مخالفت کی ہے ان سب لوگوں نے ابن ہشام سے روایت کی ہے کہ یہ سعد بن عبادہ کے گروہ سے ہیں یہی صحیح ہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر 6-7)