شہید غزوہ احد حضرت سیدنا ابو سفیان بن حارث بن قیس الانصاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ
ابوسفیان بن حارث بن قیس بن زید بن ضبیعہ بن زید بن مالک بن عوف انصاری اوسی،ایک روایت میں ہے کہ غزوہ ٔاحد میں شہیدہوئے،اورایک میں غزوہ ٔخیبرکاذکر ہے۔
ابوجعفرنےباسنادہ یونس سے انہوں نے ابن اسحاق سے،انہوں نے عمران بن سعد بن سہیل بن حنیف سے،انہوں نے بنوعمروبن عوف کے ایک آدمی سے روایت کی،کہ جب حضورِاکرم غزوۂ احد کو روانہ ہوئے تو آپ کے ساتھ ابوسفیان اورایک صحابی بھی تھے،ان صاحب نے دعاکی،اے اللہ!تو مجھے اس غزوہ میں شہادت نصیب فرما،اورمجھے میرے اہل وعیال کی طرف واپس نہ کر،ابوسفیان نے دعاکی،اے اللہ!تومجھے میرے اہل وعیال کی طرف واپس کرنا،تاکہ میں ان کی کفالت کروں،حضور کے ساتھ مل کر جہادکروں،اوران کی صحبت سے مستفیض ہوں،لڑائی میں ابوسفیان شہید ہوگئے اور دوسرے صحابی بچ کر آگئے،صحابہ نے حضورِاکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا ذکرکیا،توآپ نے فرمایا،کہ ابوسفیان کی نیت زیادہ مبنی بر اخلاص تھی،ابن اسحاق نے تذکرۂ غزوۂ احد کے سلسلے میں اسی طرح بیان کیاہے،اورپھران کاذکران لوگوں میں بھی کیا ہے،جوغزوۂ خیبر میں شہیدہوئے تھے، واللہ اعلم۔