شیماءدختر حارث سعدیہ ،حضورِاکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی رضاعی بہن تھیں،ابوجعفر نے باسنادہ ابن اسحاق سے روایت کی ،کہ حضورِاکرم کی رضاعی والدہ کا نام
حارث بن عبدالعزی بن رفاعہ بن ملان بن ناضرہ بن بکر بن ہوازن تھا،اور رضاعی بھائی کا نام عبداللہ بن حارث اور رضاعی بہنوں کے نام انیسہ اور حذیفہ تھے،اور اسی
خاتون کا عرف شیماء تھا،اور شیماء ہی حضورِ اکرم کی دیکھ بھال میں ماں (حلیمہ سعدیہ)کا ہاتھ بٹاتی تھیں۔
ابنِ اسحاق نے ابووجزہ سے روایت کی،کہ جب شیماء کو جنگ ہوازن میں حضور نبی کریم کے سامنے لایاگیا،تو انہوں نے کہا،کہ میں آپ کی رضاعی بہن ہوں،دریافت
فرمایا،تیرے پاس اس کا کیا ثبوت ہے،انہوں نے جواب دیا،ایک بار آپ نے اپنے دانت میری پیٹھ میں چبھوئے تھے،جب میں نے آپ کو پیٹھ پر اُٹھایاہواتھا،آپ نے اس
علامت کو پہچان لیا،اور بہن کو چادر پر بٹھایا،ہم ان کا ذکر پہلے حذافہ کے ترجمے میں کر آئے ہیں،ابو نعیم،ابوعمر اور ابو موسیٰ نے ذکر کیا ہے۔