یہ شیخ جمال گوجرہ جو شیخ اولیا بھی کہلاتے ہیں شیخ مظفر بلخی کے خلیفہ ہیں۔ اور آپ شیخ شرف الدین یحییٰ منبری قدس سرہٗ کے خلیفہ ہیں۔ جنکا سلسلہ پانچ واسطوں سے حضرت شیخ نجم ا لدین کبریٰ قدس سرہٗ تک جا ملتا ہے شیخ جمال گوجرہ کو حضرت مخدوم احمد عبد الحق قدس سرہٗ سے فیض ملا ہے۔ آپکا مزار اودھ میں آج تک خلقت کی زیارت گاہ بنا ہوا ہے۔ مراۃ الاسرار میں لکھا ہے کہ شیخ کبیر حائک ملامتی مخدوم شیخ بھیکہ کے خلیفہ تھے۔ اور شیخ بھیکہ شیخ جمال گوجرہ کے خلیفہ تھے۔ شیخ بھیکہ کا مزار شہر اودھ سے چار کوس دور موضع ملہری میں واقعہ ہے۔ شیخ جمال گوجرہ سلسلہ کبرویہ ردوسیہ سے تعلق رکھتے ہیں۔
(اقتباس الانوار)