آپ شیخ احمد شاہ بن شیخ جیون شاہ صاحب مانگہ والہ رحمتہ اللہ علیہ کے پانچویں فرزند تھے۔ارادت و بیعت آپ کی حافظ حاجی شیخ شمس الدین بن شیخ قطب الدین صاحب سلیمانی رحمتہ اللہ علیہ ساکن چاوہ شریف سے تھی۔
عادات واطوار
آپ ملنگ صورت تھے۔سرمُنڈاہواہوتا۔ہمیشہ سربرہنہ رہاکرتے۔اکثر سیرو سیاحت میں مصروف رہتے۔چہرہ سے درویشی کے آثار نمایاں تھے۔سات سال تک خوشاب شریف میں درگاہ عالیہ حضرت مخدوم شاہ معروف صاحب چشتی قادری رحمتہ اللہ علیہ پرر ہے اور اپنے سر پر ٹوکری اُٹھاکرروضہ اقدس کی تعمیری خدمات انجام دیں۔کبھی کبھی آپ بِھڑی شریف میں مجاورانِ درگاہِ رحمانیہ میں رہاکرتے۔
اجابت دعا
عوام النّاس حتی الوسع آپ کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے۔تاکہ بددعائیہ الفاظ نہ بول دیں۔کیونکہ آپ کی بددعاکاسریع الاجابت ہونالوگوں کے اعتقاد میں تھا۔
شاہ محمد چٹھہ ساکن اگرویہ کے ہاں اولادنہیں تھی۔آپ کی دعاسے اُس کالڑکابہاول نام تولد ہوا۔
اولاد
آپ کا ایک لڑکا حسین شاہ اوربقولے چنن شاہ نامی تھا۔جوآپ کے سامنے بچپن میں فوت ہوگیا۔
یارانِ طریقت
آپ کے مریدوں کے نام یہ ہیں۔
۱۔شیخ سردارشاہ بن شیخ قائم الدین صاحب سلیمانی برادرزادہ رحمتہ اللہ علیہ۔
۲۔فتوولد احموں تارڑ ساکن اگرویہ۔
۳۔دائم ماچھی ساکن اگرویہ۔
تاریخ وفات
شیخ کرم شاہ سیروسیاحت میں تھے۔کہ آپ کی وفات بمقام ہیڈ خانکے۔ضلع گوجرانوالہ بروزیکشنبہ ۱۰محرم یوم عاشورہ ۱۳۶۵ھ مطابق دوسری پوہ۲۰۰۲بکرمی میں ہوئی۔ وہیں سائیں نانک فقیر نوشاہی رحمتہ اللہ علیہ کے روضہ کے قریب دفن ہوئے۔
مادۂ تاریخ ہے "تاج بخش جہان"۔۱۳۶۵ھ۔
(سریف التواریخ جلد نمبر ۲)