شریک بن عبد اللہ کوفی۔کنیت آپ کی ابو عبد اللہ تھی اور ان علمائے کرام میں سے تھےجنہوں نے ابو حنیفہ کی صحبت اختیار کی اور ان سے روایت کی ، امام موصوف آپ کو کثیر العقل سے موصوف کیا کرتےتھے ۔آپ نے امام اعمش اور ابن شیبہ سے بھی حدیث کو سنا اور آپ سے عبد اللہ بن مبارک اور یحٰی سعید نے روایت کی۔ تقریب التہذیب میں لکھا ہے کہ آپ اور اہل ہوا اور بدعت پر بڑے سخت گیر تھے۔ جب کوفہ کی قضا کے متولی ہوئے تو آپ کا حافظ متغیر ہو گیا اور اکثر خطا کرنے لگے ۔وفات آپ کی ۱۷۷ھ یا ۱۷۸ھ میں ہوئی اور امام مسلم و ابو داؤد ترمذی و نسائی دابن ماجہ نے اپنی اپنی سنن میں آپ سے تخریج کی ۔’’کوہ علوم ‘‘آپ کی تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)