آپ سیّد محمدسعیددُولابن سیّد محمد ہاشم دریادل نوشاہی رحمتہ اللہ علیہ کے پانچویں بیٹے تھے۔خرقہ خلافت و اجازت اپنے عم بزرگ حضرت سیّد شاہ عصمت اللہ حمزہ پہلوان بن سید حافظ محمد برخوردار بحرالعشق نوشاہی رحمتہ اللہ علیہ سے حاصل کیا۱؎۔
تاریخ ولادت
آپ کی ولادت بائیسویں محرم ۱۱۲۰ھ میں بمقام ساہنپال شریف ہوئی۔
اخلاق
آپ میں بڑے اوصافِ حمیدہ پائے جاتے تھے۔آپ سرگروہِ فقرائے نامدار اور برگزیدۂ کردگار۔صاحب ذوق و شوق و حال تھے۔
مقامِ صمدیت
صاحب تذکرہ نوشاہیہ نے لکھاہے کہ آپ کو پیرروشن ضمیر حضرت سیّد شاہ عصمت اللہ کی توجّہ سے مقام صمدیت کُھل گیاتھا۔آپ نے بارہ سال تک بالکل طعام نہیں کھایا۔ کشف وکرامات بھی آپ سے ظاہر ہوتے تھے۔
تحریر کتب
آپ خوش نویس بھی تھے۔آپ کے ہاتھ کی لکھی ہوئی کتاب صَرف میر۔ مؤلف کے کتب خانہ میں موجودہے۔اُس پر سے آپ کا دستخط نقل کیاجاتاہے۔
"تمّت تمام شدکتاب صَرف میربوقت دوپاس روزشنبہ بتاریخ ہشتم رمضان المبارک کاتب فقیر سلطان محمد ہجری ۱۱۶۲ ۔۲ جلوس والااحمدشاہ بہادر غازی خلد اللّٰہ تعالٰی ملکہ و سلطنتہ"۔
اولاد
آپ کے دوبیٹے تھے۔
۱۔سیّد غلام محمّد ۔
۲۔سیّد محمد بخش ؒ۔
سیّد غلام محمد رحمتہ اللہ علیہ کے تین بیٹے تھے۔سیّد شرف الدین ؒلاولد۔
سیّد شمس الدین ؒ۔شاہ مغلؒ۔
سیّد شمس الدین ؒ کے ایک فرزند سیّد ایزد بخش ؒ تھے۔
سیّد ایزد بخشؒ کے تین بیٹے تھے۔سیّد محبوب عالمؒ لاولد۔سیدامیرعالمؒ۔سیّد محمدعلیؒ
ان دونوں کاذکرآٹھویں باب میں آوے گا۔
شاہ مُغلؒ کے ایک فرزندغلام رسول ؒ تھے۔ان کا ذکر ساتویں باب میں آوے گا۔
مدفن
سیّد سلطان محمد گورستانِ نوشاہیہ میں دفن ہوئے۔
وفات ۱۱۹۹ھ۔
۱؎مناقبات نو شاہیہ ۱۲ شرافت
(شریف التواریخ جلد نمبر ۲)