ابن غنام بن اوس بن مالک بن بیاضہ انصاری بیاضی۔صحابی ہیں۔ان کا شماراہل حجاز میں ہے ہمیں ابواحمد عبدالوہاب بن علی امین نے اپنی سند سے سلیمان بن اشعث تک خبردی وہ کہتے تھے ہم سے احمد بن صالح نے بیان کیاوہ کہتے تھے ہم سے یحییٰ بن حسان نے اوراسماعیل نے بیان کیا وہ کہتے تھے ہم سے سلیمان بن بلال نے ربیعہ بن ابی عبدالرحمٰن سے انھوں نے عبداللہ بن عنبسہ سے انھوں نے عبداللہ بن غنام سے روایت کرکے خبردی کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاجو شخص صبح کو یہ کہہ لیا کرےالہم ما اصبح بی من نعمت فمنک وحدک لاشریک لک فلک الحمد ولک الشکرتو یقینا اس نے اس دن کاشکریہ اداکردیااورجوشخص شام کو یہ کہہ لیاکرے تویقینا اس نے رات کا شکراداکیا ان کا تذکرہ تینوں نے لکھا ہے۔ابونعیم نے لکھا ہے کہ بعض راویوں نے ان کے تذکرہ میں غلطی کی ہے چناں چہ ابن وہب سے ان کا نام عبداللہ بن عباس مروی ہے اور بعض لوگوں نے ان کا نام ہی نہیں ذکرکیاصرف ابن غنام ہی لکھ دیاہےچنانچہ حدیث مذکورہ بالاکو ابن مندہ نے بواسطہ یحییٰ بن صالح وحاظی اورعبداللہ بن مسلمہ نےسلیمان سے روایت کی ہے کہ وہ اس کو ابن غنام سے روایت کرتے تھے اور ان کا نام ذکر نہیں کیا۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر 6-7)