ان کومستغفری نے صحابہ میں ذکرکیاہے۔ابراہیم بن عرعرہ نے زید بن حباب سے انھوں نے بشر بن عمران سے انھوں نے اپنے غلام عبداللہ بن عبدہلال سے روایت کی ہے کہ وہ کہتے تھے میں بالکل نہیں بھولا (مجھے خوب یادہے)جب میرے والد مجھے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حضورمیں لے گئے تھے اورعرض کیاتھاکہ اس بچہ کے لیے دعافرمائیے اور برکت بھیجیےاورمیں بالکل نہیں بھولا(مجھے خوب یادہے کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے سرپرہاتھ پھیراتھا بلکہ) رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ کی ٹھنڈک جومیرے دماغ میں پہنچی تھی(وہ بھی مجھے اچھی طرح یادہے)یہ عبدبلال صائم الدہر اور شب بیدارتھے جب ان کا انتقال ہوگیاتوان کے سراورداڑھی کے بال سفید ہوگئے تھے اور ان کے سرکے بال اس کثرت سے تھے کہ ان کو کنگھی کرنادشوارہوتاتھا اس کو عبدہ بن عبداللہ نے بھی اپنی سند کے ساتھ اسی طرح روایت توکیاہے مگرکہاہے کہ یہ عبداللہ ابن عبداللہ بن ہلال ہیں۔ان کا تذکرہ ابوموسیٰ نے لکھا۔