عبدالغفور کے والد تھے ابوموسیٰ نے کہاہے کہ ابونعیم نے ان کابیان لکھ کر کہاہے کہ ان کا نسب نہیں بیان کیاگیاابوزکریایعنی ابن مندہ نے اس بیان میں انھیں کی پیروی کی ہے۔ہم کو ابوموسیٰ نے اجازتاً خبردی وہ کہتے تھے ہم کو ابوعلی نے خبردی وہ کہتے تھے ہم کو ابونعیم نے خبردی وہ کہتے تھے ہم سے احمد بن جعفربن سلم نے بیان کیا وہ کہتے تھے ہم سے مروان بن جعفر بن سعد بن سمرہ نے بیان کیاوہ کہتے تھے ہم سے عبدالرحمن بن محمد محاربی نے عثمان بن مطربصری سے انھوں نے عبدالغفور بن عبدالعزیزسے انھوں نے اپنے والد سے روایت کرکے بیان کیا کہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا(ماہ)رجب ایک بزرگ مہینہ ہے اس میں نیکیوں کا ثواب دوناملتاہے جس نے اس مہینے میں ایک دن روزہ رکھاتووہ ایک سال کے برابرہے ابوموسیٰ نے کہاہے کہ یہ (حدیث)مرسل ہے اس میں ابوموسٰی نے دوغلطیاں کی ہیں اول تو ان کوصحابی کہاہے حالاں کہ یہ تابعی ہیں دوسرے یہ کہاہے کہ ان کا نسب نہیں بیان کیاگیاحالاں کہ یہ عبدالعزیز ابن سعید ہیں اس کومعلی بن مہدی نے عثمان سے انھوں نے عبدالغفورسےانھوں نے اپنے والد سے انھوں نے اپنے داداسےروایت کیاہے۔ اسی طرح اوربہت سے لوگوں نے عبدالغفورسے اس کو روایت کیاہے ابونعیم وغیرہ نے ان کا ردیف سین میں ذکرکیاہے۔ان کا تذکرہ ابوموسیٰ نے لکھاہے۔