کنیت انکی ابوعقبہ فارسی تھی۔انصارکے غلام تھے۔یحییٰ بن علاء نے داؤد بن حصین سےانھوں نے عقبہ بن حصین سے انھوں نے اپنے والد سے روایت کی ہے کہ وہ کہتے تھے میں رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ غزوۂ احد میں شریک تھاایک کافرپر میں نے وارکیااور کہا اس(حملے )کولے میں فارسی غلام ہوں اس قول کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سن کر فرمایاتم نے یہ کیوں نہ کہا کہ اس (حملے) کولے میں انصاری غلام ہوں کیوں کہ جوشخص کسی قوم کا غلام ہووہ اسی قوم میں سے ہے۔ان کا تذکرہ ابونعیم اورابوموسیٰ نے لکھاہے یحییٰ کے علاوہ دوسروں نے اس حدیث کوداؤد سے نقل کیاہے اورکہاہے کہ عبدالرحمن بن عقبہ نےاپنے والد سے روایت کی ہے ۔ہمیں ابوجعفر بن احمد بن علی نے اپنی سند کویونس بن بکیہ تک پہنچاکر خبردی انھوں نے ابن اسحاق سے روایت کرکے بیان کیا کہ وہ کہتے تھے مجھ سے داؤد بن حصین نے عبدالرحمن بن عقبہ سے انھوں نے اپنے والد عقبہ سے جو جبر بن عتیک انصاری کے غلام تھے روایت کرکے بیان کیاہے کہ وہ کہتے تھے میں اپنے آقا کے ساتھ غزوۂ احد میں شریک تھا اور مشرکوں میں سے ایک آدمی کو میں نے مارا جس وقت میں نے اس کو قتل کیاتو(اس سے کہااس حملے)کومجھ سے لے میں مردفارسی ہوں۔میرے اس قول کی خبررسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچی توآپ نے فرمایاکہ تم نے یہ کیوں نہ کہا اس(حملے )کومجھ سے لے میں انصاری مرد ہوں کیوں کہ جوشخص کسی قوم کاغلام ہو وہ اسی میں سے ہے ابن قانع نے ان کا ذکرکیاہے اور کہاہے عبدالرحمن ارزق فارسی یہی شخص ہیں واللہ اعلم۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر 6-7)