ان کا اہل حجاز میں شمارہے۔ان کو بعض لوگ ابن فاکہ بھی کہتےہیں۔ ان سے عمارہ بن خزیمہ بن ثابت اور احادیث ابن فضیل نے روایت کی ہے۔ہمیں ابوالقاسم یعنی یعیش بن صدقہ فقیہ نے اپنی سند کو عبدالرحمن بن شعیب تک پہنچاکرخبردی وہ کہتے تھے ہم سے عمروبن علی نے بیان کیاوہ کہتے تھےہم سے جعفرخطمی یعنی عمیربن یزید نے عمارہ بن خزیمہ اور حارث بن فضیل سے انھوں نے عبدالرحمن بن ابی قراد سے نقل کرکے بیان کیاہے وہ کہتے تھے کہ میں رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رفع حاجت کے واسطے نکلا حضرت جب (رفع)حاجت کاارادہ کرتےتھے تودور(تشریف لے)جاتے تھے۔ابوجعفرانصاری نےحارث بن فضیل سے انھوں نے عبدالرحمن بن ابی قرادسےروایت کی ہے کہ بے شک نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک روز وضوکیااور لوگ آپ کے وضوکے غسالہ لے لےکراپنے چہروں پرملنے لگے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کس شہ نے اس فعل پر تم کو ترغیب دی لوگوں نے عرض کیاکہ اللہ اور اس کے رسول کی محبت نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نےفرمایاجس کو یہ بات اچھ معلوم ہوتی ہو کہ اللہ اور رسول اس سے محبت کریں اس کو چاہیے کہ سچ بولے اورامانت میں خیانت نہ کرے اور ہمسایہ کے ساتھ نیک سلوک کرے۔ان کا تذکرہ تینوں نے لکھاہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر 6-7)