ابن معتمر۔یہ صحابی ہیں ان سے سلیمان بن شہاب عبسی نے حدیث روایت کی ہے چنانچہ سلیمان کہتے تھے کہ عبداللہ بن معتمرمیرے گھرپراترے تھے اور وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے اصحاب میں سے تھے پس انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرکے مجھ کویہ حدیث سنائی کہ دجال کے (آنے میں کوئی)شبہ نہیں ہے وہ یقینی مشرق کی جانب سے نکلے گا اور لوگوں کواپنی عبادت کی طرف بلائے گاپس (بعض )لوگ تواس کے متبع ہوجائیں گے اور(بعض) لوگوں سے مقابلہ کرے گایہاں تک کہ ان پربھی غالب آجائے گا۔ابن مندہ اورابونعیم نے ان کے والد کانام معتم تااورمیم مشددہ کے ساتھ بیان کیا ہے اور ابوعمرنے معتمر۔راکے ساتھ بیان کیاہے۔مگر سب نے سلیمان بن شہاب کو ان سے حدیث کاروایت کرنے والا قراردیاہے۔ابوعمرنے (یہ بھی) کہاہے کہ میں ان سے دجال کے سوا اورکوئی دوسری حدیث مروی نہیں سمجھتا اورابوعمرنےان کوکندی قراردیاہےبعض لوگوں نے ان کے والد کا نام مغنم غین اور نون کے ساتھ بیان کیاہے۔