ابن کعب بن عبد ثور۔ ہمیں ابو موسی نے اجازۃ خبر دی وہ کہتے تھے ابو علی نے اجازۃ ابو احمد کی کتاب سے نقل کر کے خبر دی وہ کہتے تھے ہمیں عمر بن احمد نے خبر دی وہ کہتے تھے ہمیں عمر بن حسن نے خبر دی وہ کہتے تھے ہمیں منذر بن محمد نے خبر دی وہ کہتے تھے ہمیں حسین بن محمد نع علی بن محمد مداینی سے انھوں نے اپنے راویوں کے ذریعہ سے نقل کیا کہ وہ لوگ کہتے تھے کہ قبیلہ خزاعہ کا ایک شخص اپنی قوم کے کچھ لوگوںکے ہمراہ آیا ان میں ابی بن کعب بن عبد ثور بھی تھے ان لوگوںنے رسول خدا ﷺ سے بیعت کی اور مسلمان ہوگئے۔ ان کا تذکرہ ابو موسی نے کیا ہے اور یہ وفد (٭وفد ان لوگوں کو کہتے ہیں جو کسی کی طرف سے قاصد بن کے کہیں جائیں یہ لوگ حضرت ﷺ کے پاس اپنی قوم کی طرف سے آئے تھے اس لئے ان کو وفد کہا جاتا ہے) جن کا ذکر اس ترجمے میں ہے قبیلہ امزینہ کے ہیں۔
(اسدالغابۃ جلد نمبر۔۱)