بن جابر ابو حذیفہ: ایک روایت میں ان کا نام حسیل ہے۔ ہم ان کا نسب ان کے بیٹے حذیفہ کے ترجمے میں بیان کر آئے ہیں۔ ابو الطفیل نے حذیفہ سے روایت کی کہ وہ اور
ان کے والد غزوۂ بدر میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے، مگر راستے میں انہیں کفارِ قریش نے پکڑ لیا۔ کیونکہ انہیں خدشہ تھا، کہ دونون باپ بیٹا اسلامی لشکر میں شامل
ہونے جا رہے ہیں۔ جب انہوں نے کفار سے عہد کہا، کہ وہ مدینے جا رہے ہیں، اور ان کے خلاف جنگ میں شریک نہیں ہوں گے، تو کفار نے رہا کردیا۔ انہوں نے دربارِ رسالت
میں حاضر ہوکر واقعہ بیان کیا۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں ایفائے عہد کی اجازت دے دی۔ اور فرمایا، اللہ ہمارا حامی و مدد گار ہو۔ ابن مندہ اور ابو نعیم
نے ان کا ذکر کیا ہے، لیکن ابو عمر نے اس لیے ان کا ذکر نہیں کیا کہ یمان کے بارے میں محدثین میں اختلاف ہے کہ یہ کس شخص کا لقب ہے۔ ابن کلبی اور ابن حبیب کے
مطابق یہ جروہ کا لقب ہے، اور حذیفہ اور جروہ کے درمیان کئی پشتیں ہیں، مثلاً حذیفہ بن حسیل بن جابر بن ربیعہ بن عمرو بن جروہ، اور یہی آدمی یمان ہے۔ اس کا ذکر
باتفصیل گزر چکا ہے۔