اوربعض نے کہاہے کہ یہ ابراہیم بن عطاثقفی ہیں ان کے صحابی ہونے میں اختلاف ہے ہم کو یحییٰ بن محمود نے اپنی سند کو ابن ابی عاصم تک پہنچاکراجازتاً خبردی وہ کہتےتھے ہم سے حسن حلوانی نے بیان کیا وہ کہتے تھے ہم سے ابوعاصم نے بیان کیاوہ کہتےتھے ہم سے عبداللہ بن مسلم بن ہرمز نے یحییٰ بن عبدالرحمن بن عطابن ابراہیم سے انھوں نے اپنے والدسے انھوں نے اپنے دادا سے نقل کرکے بیان کیااوروہ طائف کے رہنے والوں میں سے تھے۔وہ کہتے تھے میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کومقام منیٰ میں لوگوں سے یہ فرماتے ہوئے سناکہ اے لوگواپنے جوتوں میں دو تسمے لگایا کرو۔ابوعاصم نے کہاہے کہ ہم ان کویحییٰ بن ابراہیم بن عطا کہتےتھے مگربعد میں معلوم ہوا کہ ان کا نام یحییٰ بن عطابن ابراہیم ہے۔ان کا تذکرہ ابن مندہ اور ابونعیم نے اسی طرح لکھاہے اورابوعمر نے کہاہے کہ یہ عطاہیں انھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے کہ جوتے میں دوتسمے لگایا کرو۔اس کو ابوعاصم نیبل نے عبداللہ بن مسلم بن برمزسے انھوں نے یحییٰ بن ابراہیم ابن خطاء سے انھوں نے اپنے والد سے انھوں نے ان کے داداسے روایت کرکے کہاکہ جوتی میں دوتسمہ لگایاکرو۔
(اسد الغابۃ جلد بمبر 6-7)