ابن قدامہ ضبابی۔ ان کا شمار اہل یمن میں ہے۔ ان سے عبداللہ بن حکیم کنانی نے جو یمن کے رہنے والے ہیں روایت کی ہے کہ یہ کہتے تھے میری دنوں آنکھوںنے میرے محبوب رسول خدا ﷺ کو دیکھا کہ وہ مقام عرفات میں اپنی سرخ اونٹنی پر سوار وقوف فرما رہے اور آپ کے نیچے ایک بولانی چادر پڑی ہوئی تھی اور آپ یہ دعا مانگتے تھے کہ اے اللہ اس حج کو قبول فرما لے دکھانے سنانے کا اس میں شائبہ نہ ہو اور لوگ یہ کہتے جاتے تھے کہ یہ رسول خدا ﷺ ہیں عبداللہ بن حکیم کہتے تھے مجھے خیال ہوتا ہے کہ قصوا کے کان کٹے ہوئے تھے کیوں کہ اونٹنیوں کے کان آواز سنانے کی غرض سے کاٹ دیے جاتے تھے اور بعض لوگ کہتے ہیں نہیں اس کے کان کٹِ ہوئے نہ تھے قصوا صرف اس کا لقب تھا واللہ اعلم۔ انکا تذکرہ تینوں نے لکھا ہے اور ان کا تذکرہ ابو نعیم نے اپنی کتاب کے دو مقاموں میں ایک ہی عبارت کے ساتھ کیا ہے ان دونوں تذکروں کے درمیان میں صرف تین ناموں کا فصل ہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر ۱)