۔ان کے والد کے نام میں اختلاف ہے بعض لوگ ان کو فضالہ بن عبداللہ کہتےہیں اوربعض فضالہ بن وہب بحرہ بن بحیرہ بن مالک بن عامر۔بنی لیث بن بکر بن عبدمناۃ سے ہیں لیثی ہیں اوربعض لوگ ان کوفضالہ بن عمیر بن ملوح لیثی کہتےہیں۔فتح مکہ کے دن بتوں کو توڑنے کے متعلق یہ اشعار انھیں کے ہیں
۱؎ لومارأیت محمد اوجنودہ بالفتح یوم تکرالاصنام
لرأ یت لوز اللہ اصبح بینا والشرک یغشی وجہہ الاظلام
۱؎ ترجمہ۔اگرتم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اوران کے لشکرکودیکھتے۔فتح مکہ کے دن جب انھوں نے بتوں کو توڑا توتم دیکھتے نورخداکوآشکار۔اورشرک کو تاریکیوں میں چھپاہوا۱۲۔
بعض لوگوں کابیان ہے کہ یہ اشعار کسی اورکے ہیں۔ابونعیم نے کہاہے کہ فضلہ لیثی زہرانی کے لقب سے مشہورہیں ان کا نسب نہیں بیان کیاگیا۔ان سے ان کے بیٹے عبداللہ نے روایت کی ہے ہمیں یحییٰ بن ابی الرجأ نے اجازۃً اپنی سند کے ساتھ ابوبکربن ابی عاصم سے نقل کرکے خبردی وہ کہتےتھے ہم سے محمد بن خالد بن عبداللہ نے بیان کیاوہ کہتےتھےہم سے ہمارے والد نے داؤد بن ابی ہندسے انھوں نے ابوحرب بن ابی الاسود سے انھوں نے عبداللہ بن فضالہ سے انھوں نے اپنے والد سے روایت کر کے بیان کیاکہ وہ کہتےتھےمجھ سے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ باتیں تعلیم کی تھیں جن میں ایک بات یہ تھی کہ پانچوں وقت کی نماز کی پابندی کرومیں نے عرض کیاکہ یا رسول اللہ مجھےان اوقا ت میں بہت کام رہتےہیں لہذاآپ مجھے کوئی ایسی جامع بات بتادیجیے کہ جس کو میں کرلیاکروں اوروہ میرے لیےکافی ہوجایاکرے حضرت نے فرمایاعصرین ۱؎کی پابندی رکھومیں نے پوچھا کہ عصرین کیافرمایاکہ نماز فجر اور نماز عصر یہ ابن مندہ اورابونعیم کا قول ہےاورابوعمرنے ان کا نسب ویساہی بیان کیا ہے جیساہم نے بیان کیااورکہاہےکہ بعض لوگ ان کو زہرانی کہتےہیں یہ غلط ہے زہرانی تابعی ہیں۔فضالہ لیثی کا شماراہل بصرہ میں ہے۔ان کی حدیث نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ آپ نے ان سے فرمایاتھاکہ فجراورعصرکی نماز کاالتزام رکھو۔ان کا ذکران لوگوں میں کیاگیاہے جنھوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے۔علی بن عمرنے ان کا تذکرہ لکھاہے ابوعمرنے ان کا تذکرہ مختصرلکھاہے۔
۱؎اس حدیث کایہ مطلب نہ سمجھنا چاہیےکہ اورنمازیں ان سے معاف کردی گئی تھیں کیونکہ نماز معاف نہیں ہوتی بلکہ مطلب یہ ہے کہ اورنمازوں میں وقت مستحب کی رعایت نہ ہوسکے توخیر مگران نمازوں میں ضروراس کی رعایت ہونی چاہیے۱۲۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر 6-7)