بفتح حاء و بای موحدہ مشدہ۔ یہ حبان بیٹے ہیں منقذ بن عمرو بن عطیہ بن خنساء بن مبذول بن عمرو بن غنم بن مازن بن نجار کے انصاری ہیں خزرجی ہیں مازنی ہیں۔ صحابی ہیں۔ احد میں اور اس کے بعد کے تمام مشاہد میں شریک تھے انھوں نے زینب صغری بنت ربیعہ بن حارث بن عبد المطلبس ے نکاح کیا تھا اور ان کے بطن سے یحیی بن حبان اور واسع بن حبان پیدا ہوئے تھے۔ یہ دادا ہیں محمد بن یحیی بن حبان استاد امام مالک کے یہی ہیں جن سے نبی ﷺ نے فرمایا تھا ہ جب تم خرید و فروخت کیا کرو تو کہہ دیا کرو کہ لاخلابۃ ان کی زبان میں کچھ ثقل تھا پس جب یہ کوئی چیز مول لینے تو کہتے لاخبابۃ ان کو بوجہ نقصان عقل خرید وفروخت میں گھاٹا ہو جاتا تھا۔ (اسی وجہ سے نبی ﷺ نے اس کلمہ کے کہنے کی ان کو تعلیم فرمائی تھی) حضرت عثمان کی خلافت میں ان کی وفات ہوئی۔ ان کا تذکرہ تینوں نے لکھا ہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر ۲)