ابن زید بن عاصم بن کعب بن عمرو بن عوف بن مبذول بن عمرو بن غنم بن مازن بن نجار۔ انصاری خزرجی ثم من بنی مازن بن النجار۔ عقبی۔ ابن اسحاق نے ان کو ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ نسیبہ بنت کعب یعنی ام عمارہ اور ان کے شوہر زید بن عاصم بن کعب اور ان کے دونوں بیٹے حبیب اور عبداللہ فرزندان زید بیعت عقبہ میں شریک تھے اور نیز وہ اور ان کے شوہر اور ان کے دونوں بیٹے احد میں سے شریک تھے۔ یہ حبیب وہی ہیں جن کو رسول خدا ﷺ نے مسیلمہ کذاب حنفی صاحب یمامہ کے پاس بھیجا تھا مسیلمہ جب ان سے پوچھتا تھا کہ کیا تم اس بات کی شہادت دیتے ہو کہ محٌد خداکے رسول ہیں تو یہ کہتے تھے کہ ہاں اور جب وہ ان سے پوچھتا تھا کہ کیا تم اس بات کی بھی شہادت دیتے ہو کہ میں خدا کا رسول ہوں تو یہ کہتے تھے کہ میں بہرا ہوں سنتا نہیں ہوں ایسا ہی انھوں نے کئی بار کیا پس مسیلمہ نے ان کا ایک ایک عضو کاٹ ڈالا اور یہ شہید ہوگئے اللہ ان سے راضی رہے ان کا تذکرہ ابو عمر اور ابو نعیم اور ابو موسی نے کیا ہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر ۲)