بن یزید بن اخنس بن حبیب بن جرہ بن رغب بن مالک بن خفاف بن امرؤ القیس بن بہشہ بن سلیم السلمی: معن ان کے والد اور دادا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت سے فیض یاب ہوئے۔ ان کی کنیت ابو یزید تھی۔ یزید بن حبیب کا قول ہے کہ معن اپنے والد اور دادا کے ساتھ غزوۂ بدر میں شریک تھے ابو عمر کہتے تھے کہ ان کی یا ان کے والد اور ان کے دادا کی شرکت کی روایت درست نہیں ہے بلکہ اس سلسلے میں صحیح روایت ابو الجویریہ کی ہے جو ابو الفضل بن ابو الحسن طبری فقیہ نے ابویعلی موصلی سے انہوں نے عبد الاعلی بن حماد اور عبد الرحمان بن سلام سے انہوں نے ابو عوانہ سے انہوں نے ابو الجویریہ سے انہوں نے معن بن زید سے روایت کی، کہ انہوں نے اور ان کے والد اور دادا نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیعت کی۔ مَیں نے حضور کی خدمت میں اپنی خستہ حالی کی شکایت کی۔ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میری امداد فرمائی۔ پھر مَیں نے نکاح کی خواہش کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا نکاح کرادیا۔ معن فتح دمشق میں موجود تھے وہاں انہیں مکان بھی مل گیا تھا۔ جنگ صفین میں امیر معاویہ کے لشکر میں شریک تھے۔ تینوں نے ان کا ذکر کیا ہے۔