فروہ الاسلمی کے غلام: ایک روایت کی رو سے ان کا نام مسعود بن ہنیدہ تھا۔ غزوۂ یسیع میں شریک تھے اور فروہ بریدہ بن سفیان کے والد تھے۔ ایک روایت کے مطابق یہ
صاحب ابو تمیم بن حجیر الاسلمی کے مولی تھے۔ محمد بن سعد نے ان کا ذکر کیا ہے کہ مسعود تمیم بن حجرابی اوس الاسلمی کے مولی تھے۔ یہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم
کے نقیب تھے۔اور مریسیع کے موقعہ پر مالِ خمس کی نگرانی ان کے سپرد تھی۔ یہ واقدی کی روایت ہے۔
جب حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہجرت کی، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعض اونٹ تھک گئے۔ تو ان کے مولی نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک اونٹ دیا اور اپنے
غلام مسعود کو حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مدینہ روانہ کیا۔ افلح بن سعید نے بریدہ بن سفیان بن فروہ سے انہوں نے اپنے دادا کے غلام سے جس کا نام مسعود
تھا۔ روایت کی، ایک روایت کی رو سے ان کا نام سعد تھا۔ جیسا کہ گزر چُکا ہے اور وہ واقعہ ہم سعد کے عنوان کے تحت بیان کر چکے ہیں۔ یہ ابو احمد عسکری کا قول ہے۔
عبد الملک بن ہشام کہتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو بنو اسلم کے ایک آدمی نے جس کا نام اوس بن حجر تھا۔ سواری کے لیے اونٹ پیش کیا اور اپنا غلام بھی
جس کا نام مسعود بن ہنیدہ تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مدینہ روانہ کیا۔ واللہ اعلم، تینوں نے ان کا ذکر کیا ہے۔