بن شبل البکری: ایک روایت میں قیسی آیا ہے۔ یہ عبد الملک کے والد تھے، ایک روایت میں قتادہ بن طحان مذکور ہے اور ان سے صرف ایک حدیث مذکور ہے۔
ابو احمد بن سکینہ نے باسنادہ ابو داؤد سے، انہوں نے محمد بن کثیر سے، انہوں نے ہمام سے انہوں نے انس بن سیرین سے انہوں نے ابن ملحان قیسی سے، انہوں نے اپنے والد سے سُنا، کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایام بیض کے روزے کی تاکید فرمایا کرتے اور کہتے کہ بارہویں، تیرہویں اور چودہویں تاریخوں کے روزے، عمر بھر کے روزوں کا حکم رکھتے ہیں۔ شعبہ اور انس بن سیرین کے ناموں میں اختلاف ہے، ابو الولید طیاسی، مسلم بن ابراہیم اور سلیمان بن حرب نے شعبہ سے انہوں نے عبد الملک بن ملحان سے انہوں نے اپنے والد سے روایت کی۔ مگر ابو الولید کی روایت میں عبد الرحمٰن بن ملحان مذکور ہے، جو غلط ہے۔ یزید بن ہارون کی روایت میں یوں آیا ہے، شعبہ نے انس سے انہوں نے عبد الملک بن منہال سے انہوں نے اپنے والد سے روایت کی۔ بقولِ ابن معین یہ بھی غلط ہے۔ کیونکہ صحیح عبد الملک بن ملحان ہے۔ ہشام کی روایت میں یوں ہے۔ ہمام نے انس سے انہوں نے عبد الملک بن قتادہ قیسی سے، انہوں نے اپنے والد سے انہوں نے رسولِ اکرم سے شعبہ کی حدیث کی طرح روایت بیان کی یہ بھی غلط ہے، لیکن صحیح روایت شعبہ کی ہے۔ کیونکہ ان دونوں روایتوں میں کوئی ایسی چیز نہیں ہے، جو شعبہ والی روایت کا مقابلہ کر سکے۔ ابو موسیٰ اور ابو عمر نے ان کا ذکر کیا ہے۔