ان کا نسب ہم ان کے والد کے ترجمہ میں بیان کرچکے ہیں یہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے عہد میں پیدا ہوئے تھے حضرت عائشہ سے مروی ہے کہ ان سے ابو منصور بن مکارم
بن سعد المودب نے ابو زکریا بن ایاس الازدی سے روایت کی کہ ہم سے محمّد بن احمد بن ابو المشنی نے ان سے سعید بن سلیمان نے ان سے خالد بن عبد اللہ نے ان سے حصین
نے ان سے عمرو بن قیس نے ان سے محمد بن اشعت نے بیان کیا کہ حضرت عائشہ نے فرمایا کہ حضور نے ایک دفعہ بہود کا ذکر کیا اور فرمایا، کہ یہ قوم ہم سے جمعے کے بارے
میں حسد کرتی ہے اسی طرح دربارۂ قبلہ بھی ہم نے ان دونوں چیزوں کو پالیا، اور یہ بدبخت نہ پاسکے۔
زبیر بن بکار نے محمد بن حسن سے روایت کی کہ ایسے لوگ جن کا نام محمّد اور کنیت ابو القاسم تھی، وہ حسبِ ذیل تھے: محمّد بن طلحہ، محمّد بن اشعت اور محمّد بن سعد
آخر الذکر کو ابنِ زبیر نے موصل کا امیر مقرّر کیا تھا۔ ابن مندہ اور ابو نعیم نے اس کی تخریج کی ہے ابو نعیم کا خیال ہے کہ حضور اکرم سے ان کی صحبت ثابت نہیں
ہے۔