ازدی ابو مدراک: ان کی حدیث کو منیب بن مدرک بن منیب نے اپنے والد سے اس نے دادا سے روایت کہا کہ انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کو زمانۂ جاہلیت میں تبلیغ دین کرتے دیکھا۔ جب آپ فرماتے کہ لا الہٖ اللہ کہو گے، تو نجات پا جاؤ گے۔ تو بعض لوگ ان کے منہ پر تھوکتے، بعض ان پر مٹی ڈالتے اور بعض گالیاں بکتے۔ جب دوپہر ہو جاتی، تو ایک لڑکی پانی کا ایک برتن لاتی، جس سے آپ کا ہاتھ منہ دھلاتی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم صاحبزادی سے مخاطب ہوکر فرماتے ’’میری بیٹی! تم اپنے باپ پر دشمنوں کے غلبے اور ذلت سے ڈرنا مت۔‘‘ اِن سے پوچھا کہ وہ صاحبزادی کون تھیں انہوں نے کہا، زینب رضی اللہ عنہا بنت رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم تینوں نے اس کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے یہ حدیث مدرک بن حارث ازدی کے ترجمے میں بھی بیان کی ہے۔