محمد منتشر کے والد تھے اور ابراہیم بن محمد بن منتشر کے دادا۔ انہوں نے کوفہ میں سکونت اختیار کرلی تھی۔ ان کے بیٹے محمد نے ان سے روایت کی۔ ان سے مروی ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں سے جو بیعت لیتے تھے۔ وہ اللہ کے نام اور اس کے احکام کی فرمانبرداری کے لیے لی جاتی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کی بیعت کی شرط یہ تھی کہ جب تک مَیں احکامِ الٰہی کا پابند رہوں، تم میری پیروی کرو۔ ابو عمر کا قول ہے۔ کہ ابن ابی حاتم سے منقول ہے کہ انہوں نے اپنے والد سے پوچھا، آیا منتشر نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا تھا۔ وہ کہنے لگے، مجھے نہیں معلوم، لیکن انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی ہے، لیکن نہ صحبت ثابت ہے اور نہ رویت۔ اس لیے ان کی حدیث مرسل ہے۔ اور دارِ قطنی نے ان کا نام منتشر بن اجدع لکھا ہے۔ ابو نعیم، ابو عمر ابو موسیٰ نے ان کا ذکر کیا ہے۔