ابن اقرم بن ثعلبہ بن عدی بن عجلان بن حارثہ بن ضبیعہ بن حرام بن جعل بن خثیم بن ودم بن ذبیان بن ہمیم بن ذہ بن ہنی بن بلی۔ یہ مرہ بن حباب عدی بلوی کے چچازاد بھائی ہیں انصار سے ان کی حلف کی دوستی تھی۔ عروہ اور موسی بن عقبہ نے کہا ہے کہ یہ بدر میں شریک تھے اور تمام غزوات میں رسول خدا ﷺ کے ہمراہ شریک رہے اور غزوہ موتہ میں جعفر بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کے ہمراہ تھے پھر جب عبداللہ بن رواحہ شہید ہوئے تو جھنڈا انھیں دیا گیا مگر انھوں نے وہ جھنڈا خالد بن ولید کو دے دیا اور کہا کہ تم فن حرب کو مجھ سے زیادہ جانتے ہو۔ یہ ثابت سن۱۱ھ میں قتال مرتدین میں شہید ہوئے اور بعض لوگ کہتے ہیں سن۱۲ھ میں ان و طلیحہ اسدی نے قتل کیا تھا اور عکاشہ بن محصن بھی انھیں کے ہمراہ شہیدہوئے تھے۔ طلیحہ اور ان کے بھائی نے مل کے ان دونوں کو قتل کیا اس کے بعد طلیحہ مسلمان ہوگئے تھے۔ اور عروہ نے کہا ہے کہ نبی ﷺ نے ایک لشکر نجد کی طرف بھیجا تھا اس کے سردار ثابت بن اقرم تھے اسی واقعہ میں ثابت بن اقرم شہید ہوئے واللہ اعلم۔ ان کا تذکرہ تینوں نے لکھا ہے۔
(اسد الغابۃ جلد نمبر ۲)