یہ رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام تھے۔ان سے سلیمان تیمی نے روایت کی ہے۔ہم کو ابومنصوریعنی مسلم بن علی ابن محمد معدل نے خبردی وہ کہتے تھے کہ ہم کو محمد بن محمدجہنی نے خبردی وہ کہتے تھے ہم کوابونصر یعنی احمد بن عبدالباقی طوق نے خبردی وہ کہتے تھے ہم کوابوالقاسم بن مرجی نے خبردی وہ کہتے تھے ہمیں ابویعلی موصلی نے خبردی وہ کہتے تھے ہم سے عبدالاعلیٰ نرسی نے بیان کیا وہ کہتے تھے ہم سے حماد بن سلمہ نے سلیمان تیمی سے انھوں نے رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام عبیدسے روایت کرکے بیان کیا کہ دو روزہ دارعورتیں لوگوں کی غیبت کررہی تھیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک پیالہ منگوایااوران دونوں عورتوں سے کہا کہ (اس میں)قہ کروتوانھوں نے قہ کی جس میں پیپ اور خون اور تازہ گوشت نکلا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایاکہ ان دونوں نے روٹی سے روزہ رکھاتھااورافطارحرام چیزسے کیا۔بعض لوگوں نے کہاہے کہ سلیمان نے عبیدسے یہ حدیث نہیں سنی بلکہ ان دونوں کے درمیان میں ایک راوی ہے معتمربن سلیمان نے اپنے والدسے انھوں نے ایک شخص سے انھوں نےعبیدسے جورسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام تھے روایت کی ہے کہ ان سے کسی نے پوچھاکیارسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فریضہ نمازکے بعدبھی کسی اور نماز کے پڑھنےکاحکم دیاہے انھوں نےجواب دیا ہاں مغرب اور عشاء کے درمیان (نمازکے واسطے حکم فرمایاہے)ان کا تذکرہ تینوں نےلکھاہے۔