القیل: ابن شاہین نے انہیں غیر معروف لوگوں میں شمار کیا ہے، اور باسنادہ ابراہیم بن یوسف بن ابو اسحاق سے، انہوں نے اپنے والد سے انہوں نے ابو اسحاق سے انہوں نے عاصم بن کلیب سے انہوں نے اپنے والد سے انہوں نے وائل القیل سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز میں دیکھا کہ آپ نے دایاں ہاتھ بائیں ہاتھ پر رکھا ہوا تھا۔ ابو موسیٰ نے ان کا ذکر کیا ہے۔
ابن اثیر لکھتے ہیں کہ بلاشبہ اس سے مراد وائل بن حجر ہیں یہ عجیب معلوم ہوتا ہے کہ بایں انداز ان کا ذکر کیا جائے اور اس سے وائل بن حجر نہ سمجھے جائیں کیونکہ ان کی ریاست کا ہر آدمی کو علم ہے اسی طرح یہ بھی ضروری ہے کہ جب خزیمہ بن ثابت کا ذکر آئے تو اس سے ذو الشہادتیں سمجھے جائیں، خواہ یہ لقب ان کے نام کے ساتھ نہ لکھا گیا ہو۔