ام ابی ہریرہ انہوں نے اسلام قبول کیا،اور ابوہریرہ نے ان کے اسلام کے بارے میں روایت بیان کی،ابوالفرج بن محمود اور ابویاسر نے باسنادہما تا ابوالحسین مسلم
عمروالناقد سے،انہوں نے عمر بن یونس ہمانی سے،انہوں نے عکرمہ بن عمارسے،انہوں نے ابوبشر یزید بن عبدالرحمٰن سے،انہوں نے ابوہریرہ سے روایت کی کہ میں اپنی ماں کو
اسلام قبول کرنے پر مائل کرتا رہتا،ایک دن مجھے اس سے حضوراکرم کے بارے میں ایسی گفتگو سنناپڑی جسے میں نے سخت ناپسند کیا،میں حضور کی خدمت میں حاضر ہوا،اور
رورہا تھا،آپ کو میں نے ساری بات بتائی اور درخواست کی کہ دربارِ خداوندی میں دعا فرمائیں کہ اللہ تعالیٰ اسے قبولِ اسلام کی توفیق عطافرمائے،حضورِ اکرم نے
دعافرمائی۔
اے اللہ تو ابوہریرہ کی ماں کو قبول اسلام کی توفیق ارزانی فرما۔
میں درباررسالت سے اٹھا،اور خوشی خوشی گھر چلا،جب دروازے کے قریب پہنچا تو مجھے محسوس ہوا کہ میری ماں بستر سے اٹھی ہوئی ہے،اس نے میرے پاؤں کی آہٹ سُن لی،اور
آواز دی،کہ ابھی باہر ٹھہرو مجھے پانی سے نہانے کی آواز آئی،پھراس نے کپڑے پہنے،اوڑھنی سے سر کو ڈھانپا،دروازہ کھولا،اور کلمۂ شہادت پڑھ کر مسلمان ہوگئی،میں
نے آپ کو اس کی اطلاع دی،تو آپ نے خداکی تعریف بیان کی اور دعائے خیرفرمائی۔