ام ایوب انصاریہ جو ابو ایوب کی زوجہ تھیں،ان کے والد کا نام قیس بن عمرو بن امراءالقیس تھا،جو بنو خزرج سے تھے،کئی راویوں نے باسنادہم محمد بن عیسیٰ سے،انہوں
نے حسن بن صباح سے،انہوں نے ابن عینیہ سے،انہوں نے عبیداللہ بن یزید سے،انہوں نے اپنے والد سے روایت کی ،کہ انہیں ام ایوب نے بتایا کہ ہم نے حضورِ اکرم کے لئے
کھانا تیارکیا،اور اس میں یہ سبزیاں(پیازاور تھوم وغیرہ)ڈال دیں،جسے آپ نے ناپسند فرمایا،خود نہ کھایا اور باقی احباب کو کھانے کی اجازت دے دی، فرمایا،میں نہیں
کھاتا،کہ میرے رفیق (جبریل) کو تکلیف نہ ہو۔
حمیدی کا قول ہے کہ سفیان نے حضورِ اکرم کو خواب میں دیکھا اور دریافت کیا،یا رسول اللہ ،امِ ایوب سے جو حدیث مروی ہے اور جس میں اس بات کا ذکر ہے کہ جس چیز سے
انسانوں کو تکلیف پہنچتی ہے اس سے فرشتوں کو بھی اذیّت ہوتی ہے،کیا وہ حدیث آپ کی ہے،آپ نے فرمایا ،ہاں یہ درست ہے، تینوں نے ان کا ذکر کیا ہے۔