ام ہانی انصاریہ،مجھے ان کا نسب معلوم نہیں،ان کے نام کے بارے میں اختلاف ہے،کسی نے ام قیس اور کسی نے ام ہانی لکھا ہے،واللہ اعلم۔
یحییٰ بن محمود نے باسنادہ ابن ابی عاصم سے،انہوں نے ابوبکر سے،انہوں نے حسن بن موسیٰ سے، انہوں نے ابنِ لہیعہ سے،انہوں نے ابوالاسود محمد بن عبدالرحمٰن بن نوفل
سے،انہوں نے درہ دختر معاذ سے،انہوں نے ام ہانی انصاریہ سے روایت کی،کہ انہوں نے رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا،یارسول اللہ ،کیا ہم مرنے کے بعد
ایک دوسرے سے ملاقات کیا کریں گے،آپ نے فرمایا،روحیں پرندوں کی صورت میں درختوں سے لٹکتی رہیں گی،اور جب قیامت بپاہوگی،تو اپنے اپنے جسموں میں داخل ہوجائیں
گی،تینوں نے ان کا ذکر کیا ہے۔