یحییٰ بن سعید القطان بن فروخ تمیمی بصری: ابو سعید کنیت تھی۔ حدیث کے امام حافظ،ثقہ،متقن،قدوہ تھے۔ امام مالک وابن عینیہ اور شعبہ سے حدیث کو سنا اور آپ سے امام احمد و ابن المدینی اور ابن معین نے روایت کی ، بیس سال تک ہر روز قرآن شریف کا ختم کرتے رہے اور چالیس سال تک آپ سے مسجد میں زوال فوت نہ ہوا۔ آپ کا دستور تھا کہ بعد نماز عصر کے آپ منارۂ مسجد میں تکیہ لگا کر بیٹھ جاتے اور آپ کے روبرو امام احمد وابن مدینی اور ابن خالد کھڑے ہو کر حدیث پوچھتے اور مغرب تک کسی کو نہ کہتے کہ بیٹھ جاؤ اور نہ آپ کی ہبیت و جلا سے کوئی بیٹھ سکتا تھا،فتویٰ امام ابو حنیفہ کے قول پر دیا کرتے تھے۔۱۲۰ھ میں پیدا ہوئے اور اٹھتر سال کی عمر میں ۱۹۸ھ میں وفات پائی۔آپ صحاح ستہ والوں نے تخریج کی ’’امام قوی‘‘ آپ کی تاریخ وفات ہے۔
(حدائق الحنفیہ)